Gilgit-Baltistan Today
گلگت بلتستان ، کشمیر ، چترال اورکوہستان کے باسیوں کی آو
گلگت بلتستان امن، محبت اور بھائی چارے کی سرزمین ہے۔
صدر پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ نے اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں اسماعیلی جماعت کے روحانی پیشوا پرنس شاہ رحیم الحسینی کو گلگت بلتستان آمد پر دلی خوش آمدید کہا۔
یہ آمد خطے میں رواداری، ہم آہنگی اور باہمی احترام کے جذبات کو مزید مضبوط بنانے کی علامت ہے۔
قائد ملت جعفریہ آغا راحت حسین الحسینی نے اپنے جمعہ کے خطبے میں پرنس شاہ رحیم الحسینی آغا خان پنجم کو شاندار خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے گلگت بلتستان کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اسماعیلی جماعت کے 50ویں امام کے استقبال کی تیاریوں میں بھرپور تعاون فراہم کریں۔
انہوں نے کہا کہ زائرین کی سہولت کے لیے پانی، ٹرانسپورٹ، بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی میں اسماعیلی جماعت کا ساتھ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دورۂ گلگت کے دوران ٹریفک کے دباؤ اور دیگر مسائل سے بچنے کے لیے تعلیمی اداروں میں تعطیلات کا اعلان کیا جائے۔
آغا راحت الحسینی نے عوام سے یہ بھی اپیل کی کہ ممکنہ ٹریفک رکاوٹوں کے دوران صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں، پرامن تعاون کو یقینی بنائیں اور دورے کے موقع پر کسی بھی قسم کی پریشانی یا بدامنی پیدا کرنے سے گریز کریں۔
16/05/2026
مرکزی انجمن امامیہ گلگت بلتستان کا ایک اہم اجلاس قائدِ ملتِ جعفریہ گلگت بلتستان،آغا سید راحت حسین الحسینی کی سربراہی میں انجمن امامیہ آفس میں منعقد ہوا۔اجلاس میں اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا ہز ہائینسپرنس شاہ رحیم الحسینی کی متوقع آمد اور دیداری پروگرام کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں خطے کے امن، بین المسالک ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور مہمان نوازی کی بہترین روایات کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اجلاس کے اختتام پر متفقہ طور پر درج ذیل اعلامیہ جاری کیا گیا:
1۔ اجلاس نے اس امر پر زور دیا کہ ہز ہائینس پرنس شاہ رحیم الحسینی کی پاکستان، بالخصوص گلگت بلتستان کے لیے تعلیمی، سماجی، فلاحی اور ترقیاتی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ ان کی آمد کے موقع پر اسماعیلی برادری کے ساتھ بھرپور یکجہتی، محبت اور بھائی چارے کا اظہار کیا جائے گا تاکہ گلگت بلتستان کی تاریخی مذہبی ہم آہنگی دنیا کے سامنے ایک مثبت مثال کے طور پر پیش کی جا سکے۔
2۔ دیداری ایام کے دوران مختلف علاقوں اور محلوں میں جہاں شیعہ و اسماعیلی برادری کی مشترکہ آبادی موجود ہے، وہاں مقامی افراد سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ اسماعیلی برادری کے گھروں، املاک اور دیگر ضروری امور کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ اس سلسلے میں مرکزی انجمن امامیہ کی جانب سے متعلقہ ذیلی انجمنوں کو خصوصی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں تاکہ امن و امان کی فضا برقرار رہے۔
3۔ اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ دیداری پروگرام کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی انتہائی ضروری ہے۔ لہٰذا متعلقہ اداروں اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا کہ بجلی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مناسب انتظامات کیے جائیں تاکہ دیداری کے مقامات پر بجلی کی کسی قسم کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اگر ممکن ہو تو بجلی کے انتظامات کے لیے شیعہ نشین علاقوں سے بھی بجلی فراہم کی جائے، وہاں عارضی لوڈشیڈنگ کر کے ان کے علاقوں کو بجلی مہیا کی جائے تاکہ وہاں کسی بھی قسم کی مشکلات یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
4۔ اجلاس میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تیار کردہ سیکیورٹی پلان پر مکمل اور سختی سے عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔ تمام شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔
5۔ ملک کے مختلف علاقوں سے دیداری پروگرام میں شرکت کے لیے آنے والے مہمان ہمارے مشترکہ مہمان ہوں گے۔ ان کی جان و مال کے تحفظ، رہائش، ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات کی فراہمی ہماری اخلاقی، دینی اور روایتی ذمہ داری ہے۔ لہٰذا تمام عوام، تنظیموں اور رضا کاروں سے اپیل کی گئی کہ مہمان نوازی میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے اور گلگت بلتستان کی اعلیٰ روایات کا بھرپور مظاہرہ کیا جائے۔
6۔ اجلاس میں یہ بھی نشاندہی کی گئی کہ دیداری ایام کے دوران حساس علاقوں میں سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر بعض مقامات پر روٹس کی بندش اور کارڈننگ کی جائے گی، جس کے باعث متبادل راستوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھنے کا خدشہ ہے۔ لہٰذا ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا کہ ان ایام میں گلگت شہر کے تعلیمی اداروں اور غیر ضروری سرکاری و نجی دفاتر میں عام تعطیل کا اعلان کیا جائے تاکہ شہریوں کو غیر ضروری مشکلات اور ٹریفک کے شدید دباؤ سے محفوظ رکھا جا سکے۔
7۔ اجلاس میں تمام مکاتبِ فکر، نوجوانوں، سیاسی و سماجی کارکنان اور عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا سمیت ہر پلیٹ فارم پر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، اشتعال انگیز بیانات اور فرقہ وارانہ مواد سے مکمل اجتناب کریں، اور علاقے کے امن، اتحاد اور بھائی چارے کو اولین ترجیح دیں۔
8۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایک 30 رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو اسماعیلی ریجنل کونسل گلگت کے ساتھ مل کر تمام متعلقہ معاملات باہمی مشاورت سے طے کرے گی اور اپنے فرائض خوش اسلوبی سے انجام دے گی۔یہ کمیٹی رابطہ کاری، مشاورت اور عملی اقدامات کی نگرانی کرے گی تاکہ تمام امور اتفاقِ رائے سے مکمل ہوں۔اس کمیٹی کے کوآرڈینیٹر جناب کوثر حسین، جوائنٹ سیکرٹری مرکزی انجمن امامیہ گلگت بلتستان ہوں گے، جو اسماعیلی ریجنل کونسل کے ساتھ رابطہ کاری کرتے ہوئے معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لیے اقدامات کریں گے
اجلاس کے اختتام پر گلگت بلتستان، پاکستان اور امتِ مسلمہ کے امن، استحکام، بھائی چارے اور ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
جنرل سیکرٹری مرکزی انجمن امامیہ گلگت بلتستان
15/05/2026
UNDP briefs Additional Chief Secretary GB on TIAEWS Project
A meeting was held in Gilgit between the United Nations Development Programme (UNDP) National Project Manager, Mr. Fahim Ahmed, officials of the Gilgit-Baltistan Rural Support Programme (GBRSP), and the Additional Chief Secretary Gilgit-Baltistan, Mr. Riaz Ahmed, to discuss the progress and implementation of the "Tailored Intelligence for Actionable Early Warning Systems" (TIAEWS) Project under the E-Care Program. The project is being implemented by UNDP and GBRSP with financial support from China International Development Cooperation Agency (CIDCA)
During the meeting, the Additional Chief Secretary was briefed on the project’s objectives, implementation strategy, and its role in strengthening emergency response mechanisms for vulnerable communities. The contributions and timely implementation efforts of the Gilgit-Baltistan Rural Support Programme were also highlighted in detail.
The Additional Chief Secretary appreciated the efforts of the implementing partners and assured his full support for the timely completion of the project, emphasizing its positive impact on vulnerable communities across Gilgit-Baltistan.
15/05/2026
۔گلگت بلتستان اور چترال کے اسماعیلی جماعت کو مبارکباد، امام زمانہ کے دیدار کا باقاعدہ شیڈول جاری
گلگت: اسماعیلی مسلمانوں کے روحانی پیشوا،(امام زمانہ) ہز ہائنس پرنس رحیم الحسینی آغا خان کی پاکستان آمد اور دیدار کے سلسلے میں باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔
جاری کردہ شیڈول کے مطابق ہز ہائنس شاہ رحیم الحسینی گلگت بلتستان اور چترال کے مختلف علاقوں میں اجتماعات اور دیدار کی شرف سے اپنے مریدوں کو نوازیں گے۔
شیڈول کے مطابق 21 مئی بروز جمعرات کو گوپس یاسین کے علاقے طاؤس میں دوپہر کے وقت دیدار ہوگا، جبکہ 22 مئی بروز جمعہ کو صبح کے وقت پھسو ہنزہ اور اسی دن دوپہر کو گاہکوچ میں اشکومن پونیال کی جماعت کو دیدار سے نوازیں گے۔
اسی طرح 23 مئی بروز ہفتہ کو صبح کے وقت پروک اپر چترال اور دوپہر میں دوبارہ طاؤس یاسین میں دیدار کا انعقاد کیا جائے گا۔ 24 مئی بروز اتوار کو صبح گلگت جبکہ دوپہر میں گاہکوچ، اشکومن پونیال میں امام اپنے مرید کو دیدار سے نوازیں گے۔
جاری شیڈول کے مطابق 25 مئی بروز پیر کو صبح پروک اپر چترال اور دوپہر میں گرم چشمہ لوئر چترال میں اسماعیلی جماعت کو دیدار سے نوازیں گے۔
انتظامیہ کے مطابق ہر دیدار کے لیے مقام کے دروازے مقررہ وقت سے سات گھنٹے قبل کھول دیے جائیں گے، جبکہ موسمی حالات یا دیگر غیر متوقع صورتحال کے باعث شیڈول میں تبدیلی بھی ممکن ہے۔ اس حوالے سے عوام کو متعلقہ ریجنل کونسلز اور سرکاری چینلز کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا
15/05/2026
گلگت بلتستان میں اسماعیلی مسلمانوں کے پچاسویں امام کی آمد متوقع ہے۔ یہ ایک نہایت روحانی، مقدس اور جذباتی موقع ہے جس کا تعلق امام اور مرید کے باہمی رشتۂ عقیدت و احترام سے ہے۔
اسماعیلی عوام، بالخصوص انتخابات میں حصہ لینے والے سیاستدانوں سے دست بستہ گزارش ہے کہ اس مقدس تعلق کو کسی بھی سیاسی مصلحت یا انتخابی فائدے کے لیے استعمال ہونے سے بچایا جائے۔ خدشہ ہے کہ بعض ناعاقبت اندیش عناصر ممکنہ ملاقاتوں یا تصاویر کو سیاسی اثرورسوخ اور ووٹ پر اثر انداز ہونے کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کریں گے۔
سب سے پہلے تو انتخابی عمل کا حصہ بننے والے سیاستدانوں کو خود اخلاقی ذمہ داری اور سیاسی بلوغت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسے کسی عمل سے اجتناب کرنا چاہیے۔ اور اگر کہیں اس بابت ابہام پیدا ہونے کا امکان ہو تو جماعتی اداروں کو بھی واضح اور سخت پالیسی اختیار کرنی چاہیے (اور امید ہے کہ ایسا ہی کیا جائے گا)۔
اور اگر اس کے باوجود کسی امیدوار نے اس مقدس موقع کو سیاسی فائدے کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی تو پھر ہماری جانب سے پیشگی معذرت قبول کی جائے۔
تحریر: عنایت بیگ
14/05/2026
غذر: بالاورستان نیشنل فرنٹ کے سپریم لیڈر و قائد تحریک اور گلگت بلتستان اسمبلی کے حلقہ غذر 2 کے امیدوار نے گاؤں بوبر میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کررہے ہیں
14/05/2026
ہنزہ: مختلف سیاسی جماعتوں کے ناراض امیدواروں نے “ہنزہ قومی اتحاد پارٹی” کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے آئندہ انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کر لیا۔ پارٹی کی جانب سے راجہ نظیم الامین کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ رہنماؤں کا کہنا ہے کہ نئی جماعت ہنزہ کے عوامی مسائل کے حل اور مقامی حقوق کے تحفظ کے لیے انتخابی میدان میں اترے گی۔
14/05/2026
ہنزہ: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی ہنزہ کیمپس میں وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں، دانش اسکولز، قابلِ تجدید توانائی اور جدید تعلیمی سہولیات کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو جدید تعلیم، ڈیجیٹل مہارتوں اور تحقیق کے مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، جبکہ وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم اسی وژن کا اہم حصہ ہے۔ وفاقی وزیر نے لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے حامل ہیں۔
تقریب میں وائس چانسلر، فیکلٹی ممبران، طلبہ و طالبات اور معززینِ علاقہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر کو یونیورسٹی کی تعلیمی و ترقیاتی سرگرمیوں پر بریفنگ بھی دی گئی جبکہ انہوں نے شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔
14/05/2026
گلگت: ڈی پی او گلگت محمد اویس الیاس کی زیر صدارت ہز ہائنس پرنس رحیم الحسینی آغا خان پنجم کی متوقع گلگت آمد اور دیدار کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسماعیلی ریجنل کونسل گلگت اور اسماعیلی سیفٹی اینڈ سکیورٹی کونسل کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں دیداری ایونٹ کے دوران سیکیورٹی، ٹریفک کی روانی، زائرین و سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی اور دیدار گاہ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈی پی او گلگت نے کہا کہ ایونٹ کے دوران فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا اور اہم مقامات پر مؤثر حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ پرامن اور منظم ماحول برقرار رکھا جا سکے۔
14/05/2026
گلگت: کرنل (ر) عبید اللہ بیگ نے حلقہ نمبر 2 گلگت سے آزاد امیدوار کے طور پر انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا
گلگت: سابق صوبائی وزیر، کرنل (ر) عبید اللہ بیگ نے حلقہ نمبر 2 گلگت کے عمائدین، نوجوانوں اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے مشاورت کے بعد آنے والے انتخابات میں حلقہ نمبر 2 گلگت سے آزاد امیدوار کے طور پر حصہ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ان کا یہ فیصلہ عوامی اعتماد، حلقے کی بہتر نمائندگی اور خدمت کے جذبے کے تحت کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ عوامی مسائل کے حل، نوجوانوں کے بہتر مستقبل، تعلیم، صحت، روزگار اور حلقے کی متوازن ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
کرنل (ر) عبید اللہ بیگ نے کہا کہ ان کے نزدیک حلقے کے تمام امیدوار قابلِ احترام ہیں اور سیاسی اختلاف کو ذاتی مخالفت میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے اپنے کارکنوں، سپورٹرز اور چاہنے والوں پر زور دیا کہ انتخابی مہم کے دوران مثبت، مہذب اور باوقار رویہ اختیار کریں اور سوشل میڈیا سمیت ہر پلیٹ فارم پر غیر مناسب اور منفی طرزِ عمل سے گریز کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کی روایات، باہمی احترام، اتحاد اور بھائی چارے کو ہر صورت برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جبکہ مثبت اور شائستہ سیاست ہی ایک بہتر معاشرے کی ضمانت ہے۔
آخر میں انہوں نے کہا:
"حلقے کے عوام کا فیصلہ میرے لیے مقدم ہے۔"
کرنل (ر) عبید اللہ بیگ
سابق صوبائی وزیر
آزاد امیدوار برائے حلقہ نمبر 2 گلگت
Click here to claim your Sponsored Listing.
Category
Contact the business
Telephone
Website
Address
Jutial Gilgit
Gilgit