Reporter Quetta
Important News, Videos and pictures about Balochistan ,Pakistan and all around the world.
16/08/2026
بلوچستان میں حفاظتی ٹیکوں کی کوریج میں تاریخی اضافہ، صفر خوراک والے بچوں میں بڑی کمی
کوئٹہ — بلوچستان میں معمول کے حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام میں ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا گیا ہے۔ ای پی آئی بلوچستان کے مطابق آغا خان یونیورسٹی کے آزادانہ سروے TPVICS راؤنڈ 3 کے نتائج سے معلوم ہوا ہے کہ مکمل حفاظتی ٹیکوں کی کوریج 37.6 فیصد سے بڑھ کر 56.6 فیصد ہو گئی ہے، جبکہ صفر خوراک والے بچوں کی شرح 33.7 فیصد سے کم ہو کر 13.4 فیصد رہ گئی ہے۔ کمیونٹی کی رسائی بھی 31 فیصد سے بڑھ کر 67 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
یہ پیش رفت صوبائی قیادت کی مضبوطی، بہتر حکمرانی، مؤثر نگرانی، اضافی وسائل، بہتر مائیکرو پلاننگ، موبائل ویکسینیشن سروسز اور ڈیجیٹل امیونائزیشن سسٹم کی مرہون منت ہے۔ صوبائی حکومت کا واضح عزم ہے کہ بلوچستان کے ہر بچے تک جان بچانے والے حفاظتی ٹیکے پہنچائے جائیں۔
بلوچستان نیشنل پارٹی کا ایوب اسٹیڈیم کے سامنے احتجاج جاری ہے۔
#بلوچستان #کوئٹہ
خواتین کی حقوق اور نوشکی واقعے سے متعلق
پریس کانفرنس
غزالہ گولہ، راحیلہ حمید درانی،مینا مجید بلوچ،ہادیہ نواز
بلوچستان کی صورتحال اور خواتین کے استعمال پر پریس کانفرنس
#نوشکی #بلوچستان
16/08/2026
سول اسپتال کوئٹہ میں تیزاب گردی کی شکار لیڈی ڈاکٹر کی مدد کرنے والے نوجوانوں کے لیے سرکاری ملازمت کا اعلان
کوئٹہ : سول اسپتال کوئٹہ میں تیزاب گردی کی شکار لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کی فوری مدد کرنے والے نوجوان عبدالرازق خلجی اور ان کے بھائیوں کے لیے سرکاری ملازمت کا اعلان کر دیا گیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں عبدالرازق خلجی اور ان کے بھائیوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپ نے ہمت، بہادری اور انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کیا، ہمیں آپ جیسے نوجوانوں پر فخر ہے۔ عبدالرازق خلجی نے مشکل گھڑی میں اپنی جان کی پروا کیے بغیر متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کی مدد کی۔ ایسے بہادر اور فرض شناس نوجوان معاشرے کے لیے قابلِ تقلید مثال ہیں۔
وزیراعلیٰ نے عبدالرازق خلجی کے جذبۂ انسانیت اور بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو ان جیسے باہمت اور انسان دوست نوجوانوں سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔
عبدالرازق خلجی اور ان کے بھائیوں نے بروقت بہتر علاج معالجے، حوصلہ افزائی اور داد رسی پر وزیراعلیٰ بلوچستان سے اظہار تشکر کیا اور دعائیں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
15/08/2026
قلعہ عبداللہ: کراچی سے کاروبار کے سلسلے میں گئے افراد کی گاڑی پر فائرنگ، 2 خواتین جاں بحق
جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق کراچی سے ہے، کاروباری معاملات کے سلسلے میں 2 روز قبل تحصیل گلستان آئے تھے
پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ قلعہ عبداللہ کے علاقے سیگی میں پیش آیا، جہاں گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔
پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں 2 خواتین جاں بحق ہوگئیں جبکہ باپ اور بیٹی زخمی ہوگئے، زخمی افراد کو تشویشناک حالت میں ٹراما سینٹر کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے جبکہ جاں بحق خواتین کی لاشیں عبدالرحمان زئی اسپتال منتقل کی گئی ہیں۔
اس حوالے سے پولیس نے مزید بتایا کہ جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق کراچی سے ہے، کاروباری معاملات کے سلسلے میں 2 روز قبل تحصیل گلستان آئے تھے اور گاڑی نہ رکنے پر ایک قبائلی گروہ نے فائرنگ کی تھی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ سیگی کا علاقہ قبائلی دشمنیوں کے باعث عام افراد کی نقل وحرکت کیلئے نوگو ایریا ہے۔
پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ مذکورہ علاقے میں پولیس کا جانا بھی ناممکن ہے، تاحال مقدمے کا اندراج بھی نہیں ہو سکا۔
14/08/2026
بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کے قافلے پر ضلع مستونگ میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں ان کے سکواڈ کے چھ اہلکار زخمی ہوگئے، تاہم وزیر داخلہ حملے میں محفوظ رہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق میر ضیاء اللہ لانگو قلات میں یوم آزادی کی تقریب میں شرکت کے بعد کوئٹہ واپس آرہے تھے کہ مستونگ کے علاقے کنڈ عمرانی کے قریب ان کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو فوری طور پر مستونگ کے شہید نواب غوث بخش میموریل ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد بعض زخمیوں کو مزید علاج کے لیے کوئٹہ روانہ کردیا گیا۔
وزیر داخلہ ایک روز قبل قلات پہنچے تھے، جہاں انھوں نے پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر ڈی سی کمپلیکس میں منعقدہ تقریب میں پرچم کشائی کی تھی۔ تقریب کے اختتام پر وہ اپنے قافلے کے ہمراہ کوئٹہ واپس آرہے تھے کہ راستے میں یہ حملہ پیش آیا۔
بی بی سی سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے میر ضیاء اللہ لانگو نے بتایا کہ حملہ آور سڑک کے دونوں اطراف موجود باغات میں چھپے ہوئے تھے اور قافلے کے علاقے میں پہنچتے ہی انھوں نے شدید فائرنگ شروع کردی۔
انھوں نے کہا کہ ’حملہ آور باغوں کے اندر موجود تھے اور دونوں جانب سے ہماری گاڑیوں کو نشانہ بنا رہے تھے۔‘
وزیر داخلہ کے مطابق ان کے سکواڈ نے فوری جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں تقریباً 20 منٹ تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ انھوں نے بتایا کہ وہ اپنی گاڑی کی اگلی نشست پر بیٹھے ہوئے تھے اور حملے کے دوران ان کی بلٹ پروف گاڑی کے ڈرائیور سائیڈ کے شیشے پر پانچ گولیاں لگیں۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ اللہ کے فضل سے وہ محفوظ رہے، تاہم سکواڈ کے اہلکاروں کے زخمی ہونے پر افسوس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے حملوں سے انھیں خوفزدہ نہیں کیا جا سکتا اور حکومت، پولیس اور سکیورٹی ادارے امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ریاست مخالف عناصر اور ان کے مبینہ بیرونی سرپرست اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
دریں اثنا، محکمہ داخلہ بلوچستان کے معاون برائے میڈیا بابر یوسفزئی نے کہا کہ قافلے کے ساتھ موجود پولیس اہلکاروں نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کو پسپا کردیا۔ ان کے بقول حملے کا مقصد علاقے میں بدامنی اور عدم استحکام پیدا کرنا تھا، تاہم سکیورٹی فورسز ایسے عناصر کے عزائم ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
14/08/2026
زیارت میں شدت پسندوں کا حملہ، دو موٹر سائیکل سوار جاں بحق
زیارت : زیارت اور پشین کے علاقے خانائی بابا کے درمیان گزشتہ شب نامعلوم شدت پسندوں نے زیارت کو کوئٹہ سے ملانے والی شاہراہ ناکہ بند کی۔ تین موٹر سائیکلوں پر سوار چھ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا۔ نہ رکنے پر مسلح افراد نے فائرنگ کر دی جس سے دو موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک زخمی ہوا۔ زخمی اور اس کے ساتھی نے موٹر سائیکل بھگا کر جان بچائی، باقی دو افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
نشانہ بننے والے افراد کا تعلق زیارت کے علاقے سنجاوی سے بتایا جاتا ہے جو کوئٹہ جا رہے تھے۔ جاں بحق ہونے والوں احسان اللہ اور محمد یونس کی نمازِ جنازہ سنجاوی میں ادا کر دی گئی۔ پشین اور زیارت کی پولیس اب تک حدود کا تعین نہیں کر سکی۔
یاد رہے کہ 6 جولائی کو زیارت کے قریب کالعدم ٹی ٹی پی کے حملے میں 30 پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے، جن کے ورثاء نے مسلح گروہوں کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے دھرنا بھی دیا تھا۔ مسلح گروہوں کے دوبارہ سرگرم ہونے پر مقامی لوگوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
Click here to claim your Sponsored Listing.
Category
Contact the public figure
Website
Address
Quetta